ہو گئے جواں بچے، بوڑھی ہو رہی ہے ماں
بے چراغ آنکھوں میں خواب بو رہی ہے ماں
روٹی اپنے حصّے کی دے کے اپنے بچوں کو
صبر کی ردا اوڑھے،بھوکی سو رہی ہے ماں
سانس کی مریضہ ہے پھر بھی ٹھنڈے پانی سے
کتنی سخت سردی میں کپڑے دھو رہی ہے ماں
غیر کی شکایت پر، پھر کسی شرارت پر
مار کر مجھے، خود بھی رو رہی ہے ماں